ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کم جونگ اُن کا عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے کا اعتراف، خطاب میں رو پڑے

کم جونگ اُن کا عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے کا اعتراف، خطاب میں رو پڑے

Tue, 13 Oct 2020 16:35:53    S.O. News Service

 پیانگ یانگ،13/اکتوبر (ایس و نیوز/آئی این ایس انڈیا) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے معاشی مشکلات کے چیلنجز کا سامنا کرنے پر فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اتوار کو ملٹری پریڈ سے خطاب کے دوران کم جونگ اْن عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے’کے سی این اے‘ نے کم جونگ اُن کی ایڈٹ شدہ ویڈیو جاری کی ہے جس میں اُنہیں ملٹری پریڈ سے خطاب کے دوران آنسوؤں سے روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

کم ملک کو درپیش قدرتی آفات اور کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہریوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں ناکامی پر اْن سے معذرت بھی کی۔

کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کا مجھ پر اعتماد آسمان جتنا بلند اور سمندر جتنا گہرا ہے، لیکن میں اُنہیں اطمینان بخش زندگی گزارنے کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہوں۔

ایک موقع پر کم جونگ اُن نے ہچکچاتے ہوئے کہا کہ اس سب کے لیے وہ معافی کے طلب گار ہیں۔

آزاد محقق اور شمالی کوریا کی تجزیہ کار رچل منیونگ لی نے کہا ہے کہ کم جونگ کا شائستگی سے خطاب اور آنکھوں میں آنسو غیر معمولی تھا۔ ان کے بقول بھرے مجمع میں کم جونگ ان کا ناکامی کا اعتراف کرنا بھی متاثر کن تھا۔

انہوں نے کہا کہ کم جونگ کی تقریر خاص طور پر مقامی افراد کے لیے تھی جس کا مقصد ممکنہ طور پر کم کو قابل اور کرشماتی رہنما کے طور پر پیش کیا جانا بھی ہو سکتا ہے۔

کم جونگ اُن ملٹری پریڈ کے دوران بیلسٹک میزائل کی رونمائی کے موقع پر خوشگوار موڈ میں بھی دکھائی دیئے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عالمی پابندیوں، قدرتی آفات، سیلاب اور کرونا وائرس کی وجہ سے شمالی کوریا کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔


Share: